ویب ڈیسک: وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں زور دار دھماکوں اور طیاروں کی گھن گرج سے فضا دہل اٹھی، جبکہ شہر کی فضاؤں میں ہیلی کاپٹروں کی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔ وینزویلا کی حکومت نے ان واقعات کو امریکا کی جانب سے فوجی جارحیت قرار دیتے ہوئے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے قومی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کراکس پر مبینہ میزائل حملوں کی شدید مذمت کی۔ حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی جارحیت ناقابلِ قبول ہے اور امریکا وینزویلا کے وسائل پر قبضہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ بیان کے مطابق شہری اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراکس کے جنوبی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ مختلف مقامات سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جبکہ ایک آبی ذخیرے کے قریب واقع عمارت کے پاس آگ کے شعلے اور گھنا دھواں بھی نظر آیا۔
اطلاعات کے مطابق دھماکہ کراکس کے مرکزی فوجی اڈے فورچونا کے قریب یا اس کے اطراف میں ہوا، جو ایک اہم فوجی تنصیب ہے۔ علاقے میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد بجلی بھی بند ہو گئی۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ ان واقعات میں امریکا کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکے کس نوعیت کے تھے۔ بعض رپورٹس میں یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کارروائیاں فوج کے اندر موجود ان عناصر کی جانب سے کی گئی ہوں جو صدر نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹانا چاہتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کراکس میں کم از کم سات دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ کم بلندی پر پرواز کرتے طیارے بھی دیکھے گئے۔
واضح رہے کہ صدر نکولس مادورو نے حال ہی میں عندیہ دیا تھا کہ وینزویلا منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون کے لیے امریکا کے ساتھ معاہدے پر بات چیت کے لیے تیار ہے، اگرچہ انہوں نے گزشتہ ہفتے اپنے ملک پر مبینہ سی آئی اے کی قیادت میں ہونے والے حملے پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔
صدر مادورو نے ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ امریکا ان کی حکومت کا تختہ الٹنے اور وینزویلا کے وسیع تیل کے ذخائر تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے لیے معاشی پابندیوں اور فوجی دباؤ کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب کولمبیا میں امریکی سفارت خانے نے وینزویلا میں موجود امریکی شہریوں کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے۔ سفارت خانے نے ہدایت کی ہے کہ دھماکوں کی اطلاعات کے پیش نظر امریکی شہری وینزویلا کا سفر نہ کریں، جبکہ وہاں موجود افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔