ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 31 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 1,31,325 پوائنٹس کی نئی تاریخی سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز (بدھ) اسٹاک مارکیٹ 2,144 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 1,30,344 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی، جبکہ مالی سال کے پہلے دن (منگل) مارکیٹ میں 2,572 پوائنٹس کا زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جس کے بعد انڈیکس 1,28,199 پوائنٹس کی سطح تک پہنچا تھا۔
دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ میں بھی قدرے استحکام دیکھا گیا، جہاں انٹر بینک میں امریکی ڈالر 15 پیسے سستا ہو کر 283.95 روپے سے کم ہو کر 283.80 روپے پر آ گیا ہے۔