(ویب ڈیسک ) جنوبی کوریا صدارتی انتخابات میں اپوزیشن جماعت کے لبرل صدارتی امیدوار لی جے میونگ نے میدان مار لیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا میں قبل از وقت صدارتی انتخابات میں اپوزیشن جماعت کے لبرل صدارتی امیدوار لی جے میونگ 48.53 فیصد ووٹ کے ساتھ جیت گئے ہیں ۔جبکہ ان کے مخالف حکمراں جماعت کے کنزرویٹو صدارتی امیدوار کم مون سو نے شکست تسلیم کر لی۔
جیت کے بعد لی جے میونگ کا کہنا ہے کہ ووٹوں نے ثابت کر دیا کہ طاقت عوام سے ملتی ہے، ملک میں کوئی فوجی بغاوت نہ ہونے کو یقینی بنائیں گے، معیشت مضبوط بنانے اور جزیرہ نما کوریا کو پُرامن بنانے کے لیے کام کریں گے۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ شمالی کوریا سے مذاکرات کریں گے اور جنگ کے بغیر امن قائم کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال جنوبی کوریا چند گھنٹوں کے لیے مارشل لا لگانے پر سابق صدر یون سک یول کو معزول کر دیا گیا تھا جس کے بعد جنوبی کوریا میں قبل از وقت انتخابات ہوئے ہیں۔