پاکستان کا 450 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے ابدالی ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا 450 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے ابدالی ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ
کیپشن: پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا: آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک: پاکستان نے ایکس انڈس مشق کے تحت ابدالی میزائل نظام کا کامیاب تجربہ کر لیا، ابدالی میزائل کی رینج 450 کلومیٹر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ زمین سے زمین تک مار کرنے والا میزائل ہے جو  450 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ تجربہ مشق "انڈس" کے حصے کے طور پر کیا گیا جس کا مقصد افواج کی عملی تیاری کو جانچنا اور میزائل کے اہم تکنیکی پہلوؤں، بشمول جدید نیویگیشن سسٹم اور بہتر سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق تربیتی تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن اور آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، پاکستان کے اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام مسلح افواج کے سربراہان نے تجربے میں حصہ لینے والے افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی۔

رہنماؤں نے پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کی عملی تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی سلامتی کے تحفظ اور مؤثر دفاعی صلاحیت کے حامل ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے ابدالی میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ 450 کلو میٹر تک مار کرنے والے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کے سائنسدانوں اور انجینئرز کا شاندار کارنامہ ہے۔ہمارے سائنسدانوں اور انجینئرز نے ایک بار پھر تکینکی مہارت اور پروفیشنل ازم کا بھرپور مظاہرہ کیا۔سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل ٹیکنالوجی میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہاکہ پاکستان کے سٹرٹیجک اداروں اور سکیورٹی فورسز کی بدولت پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

Watch Live Public News