ویب ڈیسک: آسٹریلیا کے قومی انتخابات میں وزیرِاعظم انتھونی البانیز نے شاندار کامیابی حاصل کی، انہوں نے اپنے حریف قدامت پسند لبرل نیشنل اتحاد کے پیٹرڈٹن کو بھاری مارجن سے شکست دی۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت کے پیٹرڈٹن نے وزیرِاعظم انتھونی البانیز کو فون کر کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
پیٹرڈٹن نے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے اور اس شکست کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے قومی انتخابات میں سابق پولیس افسر پیٹرڈٹن کی اپنی نشست بھی خطرے میں پڑگئی، دوسری جانب، انتھونی البانیز کی لیبر پارٹی پارلیمنٹ میں بڑی حد تک اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے انتخابی مہم کے دوران قابل تجدید توانائی کو اپنانے، بگڑتے ہوئے رہائشی بحران سے نمٹنے اور بوسیدہ صحت کے نظام میں سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا۔
جبکہ انتخابی مہم کے دوران پیٹر ڈٹن کی جانب سے سرکاری محکموں میں کٹوتی کی پالیسی نے عوام کو نالاں کیا، کیونکہ امریکا میں ایلون مسک کی قیادت میں اسی طرح کی کٹوتیاں بدنظمی کا باعث بنی تھیں۔