ویب ڈیسک: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آج پی ایس ایل 11 کا فائنل میچ کھیلا جائے گا، میچ سے قبل ایک رنگا رنگ اور شاندار اختتامی تقریب بھی منعقد ہوگی۔
اس تقریب میں ملک کے معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنے فن کا جادو جگائیں گے اور شائقین کرکٹ کو محظوظ کریں گے۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہر کپتان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹرافی جیتے، اور وہ بھی یہی خواب پورا کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنش لبوشین نے کہا کہ ٹیم نے کٹھن میچز کھیل کر فائنل تک کا سفر طے کیا ہے اور آج بھی وہ بہترین کھیل پیش کریں گے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ میگا ایونٹ کے دوران ہر سطح پر بہترین اور شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور شائقین کرکٹ کی سہولت کو خاص اہمیت دی جائے۔
چیئرمین پی سی بی نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی کہ وہ شام 6 بجے تک اسٹیڈیم پہنچیں تاکہ شاندار اختتامی تقریب سے بھرپور لطف اٹھا سکیں۔