ویب ڈیسک: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی امریکہ کے یوم آزادی پر امریکی عوام اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر و سفارتی حکام کو مبارکباد، وزیرداخلہ محسن نقوی نے امریکی حکومتی حکام اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پر امریکی عوام کی خوشیوں میں برابر کےشریک ہیں، امریکہ کا یوم آزادی، قربانی اور جمہوریت کی عظمت کا مظہر ہے، آزادی انسان کی شناخت، خودمختاری اور وقار کی علامت ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ ترقی، اتحاد اور امن کے راستے پر گامزن ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام عالم میں پائیدار امن کے لئے مثالی کردار ادا کیا ہے اور کر رہے ہیں، امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں دیرینہ عالمی تنازعات حل ہوں گے۔
پاک بھارت کشیدگی میں صدر ٹرمپ کا کردار ایک معتدل، بصیرت افروز اور دانشمند قیادت کی مثال ہے،پاک بھارت کشیدگی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تعمیری کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں دیا تاریخی ظہرانہ پاک امریکہ تعلقات کی نئی بنیاد ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک امریکہ تعلقات کو نئی جہت ملی اور باہمی تعاون مضبوط ہوا، بحران کے لمحوں میں واشنگٹن کی متوازن حکمت عملی نے دوطرفہ تعلقات میں اعتماد و وقار میں اضافہ کیا۔
4 جولائی کا دن امریکی عوام کے لئے عزم، حوصلے اور اتحاد کی تجدید کا دن ہے، امریکہ کا 249واں یومِ آزادی دنیا میں انصاف، آزادی اور امن کا نیا پیغام ثابت ہو۔