ڈونلڈٹرمپ کا آبنائے ہرمزکھلوانے،تجارتی جہازوں کو تحفظ دینے کا اعلان

ڈونلڈٹرمپ کا آبنائے ہرمزکھلوانے،تجارتی جہازوں کو تحفظ دینے کا اعلان
کیپشن: ڈونلڈٹرمپ کا آبنائے ہرمزکھلوانے،تجارتی جہازوں کو تحفظ دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: امریکا نے خلیج میں جاری کشیدگی کے تناظر میں آبنائے ہرمز کے حوالے سے اہم فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر کمرشل جہازوں کی حفاظت کے لیے امریکی بحریہ بھی آبنائے ہرمز میں موجود ہوگی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان میں کہا کہ تجارتی جہازوں، خصوصاً آئل ٹینکرز، کو مکمل انشورنس اور ضمانتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ خطے میں تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ جہازوں کی انشورنس کے سلسلے میں ایک امریکی مالیاتی ادارہ معاونت فراہم کرے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خلیج میں کشیدہ صورتحال کے دوران عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو امریکی نیوی کمرشل جہازوں کے ساتھ رہے گی تاکہ ان کی محفوظ آمدورفت ممکن بنائی جا سکے۔

صدر ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران کی فضائیہ، بحریہ اور قیادت کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات کی خواہش ظاہر کر رہا ہے، تاہم اب بہت دیر ہو چکی ہے۔

تیل کی قیمتوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ موجودہ حالات کے باعث تیل کی قیمتیں کچھ عرصے تک بلند رہ سکتی ہیں، تاہم جنگ کے خاتمے کے بعد امید ہے کہ قیمتیں پہلے سے بھی کم سطح پر آ جائیں گی۔

دوسری جانب ان بیانات پر ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Watch Live Public News