ویب ڈیسک: ایران کی نیم فوجی تنظیم پاسداران انقلاب اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ دبئی میں امریکی فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔ تنظیم کے مطابق حملے میں 100 امریکی فوجی ہلاک ہوئے، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مبینہ حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ دعویٰ کیا گیا کہ کویت میں تعینات امریکی افواج کو درجنوں ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جبکہ بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈے پر بھی میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
تنظیم نے مزید دعویٰ کیا کہ بحیرۂ ہند میں تقریباً 650 کلومیٹر دور موجود ایک امریکی ایندھن بردار بحری جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی فوجی حکام کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی زمینی افواج نے باضابطہ طور پر جنگ میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے بیک وقت 230 حملہ آور ڈرونز لانچ کیے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اہم اسرائیلی کمان مراکز کو بھی ہدف بنایا گیا ہے، تاہم ان دعوؤں کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
تاحال امریکا، اسرائیل یا متعلقہ خلیجی ممالک کی جانب سے ان دعوؤں پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔