میئر الیکشن سے قبل صدر ٹرمپ کی مسلم امیدوار زہران ممدانی کو بڑی دھمکی

میئر الیکشن سے قبل صدر ٹرمپ کی مسلم امیدوار زہران ممدانی کو بڑی دھمکی
کیپشن: میئر الیکشن سے قبل صدر ٹرمپ کی مسلم امیدوار زہران ممدانی کو بڑی دھمکی

ویب ڈیسک:  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق گورنر اینڈریو کومو کی نیویارک سٹی کے میئر کے طور پر حمایت کا اعلان کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹک امیدوار زہران ممدانی جیت گئے تو وہ شہر کے وفاقی فنڈز روک سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر کہا کہ چاہے آپ کو کومو پسند ہوں یا نہیں، آپ کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں، آپ کو انہیں ووٹ دینا چاہیے۔ ممدانی کمیونسٹ امیدوار ہیں اور نیویارک کے لیے خطرہ۔  ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ممدانی جیتے تو وہ نیویارک کے لیے وفاقی فنڈز محدود کر دیں گے۔

سابق گورنر اینڈریو کومو، جو ڈیموکریٹک پرائمری میں زہران ممدانی سے شکست کے بعد بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں، ایک بار پھر سیاسی منظرنامے پر واپس آئے ہیں۔

زہران ممدانی، جو خود کو ڈیموکریٹک سوشلسٹ کہتے ہیں، نوجوان اور ترقی پسند ووٹرز میں مقبول ہیں اور حالیہ سرویز میں آگے ہیں۔ ان کی مہم میں امیروں پر ٹیکس میں اضافہ، کرایہ منجمد کرنے اور عوامی ہاؤسنگ میں توسیع جیسے وعدے شامل ہیں۔

دوسری جانب، کومو پر ماضی میں جنسی ہراسانی کے الزامات کے باعث استعفیٰ دینے کے بعد ان کی ساکھ متاثر ہوئی تھی، تاہم ٹرمپ کی حمایت نے ان کی مہم کو نیا سیاسی رنگ دے دیا ہے۔

Watch Live Public News