ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں پرکیے جانے والےفضائی حملے کی ویڈیو شیئر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی حالیہ فضائی حملے کی ویڈیو کے ساتھ ٹرمپ نے لکھا ہے کہ حوثی ایک حملے کی تیاری کیلئے جمع ہورہے تھے۔ لیکن افسوس اب کوئی حملہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ یہ ہماری کشتیوں کو دوبارہ کبھی غرق نہیں کرسکیں گے۔
ویڈیو میں ایک گروہ کو اکٹھا ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ جس کے فوری بعد وہاں ایک زور دار دھماکا ہوتا ہے اور اس کے بعد وہاں صرف ایک بڑے گڑھے کا نشان رہ جاتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ 20 دن سے امریکی افواج کیجانب سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کیخلاف فضائی کارروائیوں میں شدت آگئی ہے۔ حوثی باغیوں نے غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل روکنے کے اسرائیلی اعلان کے بعد اسرائیل کیخلاف بڑی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔ جس کے بعد امریکی فوج کی جانب سے کارروائیوں کا آغاز کیا گیا۔
گزشتہ ماہ ہی حوثیوں نے امریکی بحری جہاز "یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین" اور دیگر امریکی جنگی جہازوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ان حملوں کے نتیجے میں ایم کیو نائن نامی امریکی ریپر ڈرون تباہ ہوا تھا۔ جس کے ردعمل میں امریکی وزارت خارجہ نے مارچ کے اوائل میں حوثیوں اور ان کے سہولت کاروں پر پابندیاں عائد کی تھیں۔
پیر کے روز ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پر لکھا کہ حوثی باغیوں کو گزشتہ دو ہفتوں میں مسلسل حملوں کے ذریعے ختم کر دیا گیا ہے۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اب حوثیوں کے بہت سے ساتھی جنگجو اور قائدین ہم میں نہیں ہے جبکہ ہم ان پر روزانہ سخت سے سخت حملے کر رہے ہیں۔ انکی علاقائی سیکیورٹی اور بحری جہازوں کو خطرے میں ڈالنے کی صلاحیت تیزی سے تباہ ہو رہی ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہمارے حملے تب تک جاری رہیں گے جب تک بحری جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو ممکن نہیں بنایا جاتا۔ حوثیوں کے لیے فیصلہ واضح ہے: ہمارے جہازوں پر گولیاں چلانا بند کرو، ہم تمہیں چھوڑ دیں گے۔ ورنہ، ہم نے ابھی صرف آغاز کیا ہے، اور اصل درد ابھی آنا باقی ہے، حوثیوں اور ان کے حامیوں ایران کے لیے بھی۔"