5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، وفاقی اور صوبائی وزرا

5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، وفاقی اور صوبائی وزرا
کیپشن: 5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، وفاقی اور صوبائی وزرا

 ویب ڈیسک: وفاقی اور صوبائی وزرا نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو مسخ کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کی۔ مودی سرکار نے دھونس کے ذریعے کشمیریوں کے آئینی حقوق، شناخت اور آزادی پر شب خون مارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا بحران عالمی برادری کی بے حسی کا نوحہ ہے۔

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مظلوم کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کی تمام حدیں پار کیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام پہلے ہی بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار تھی کہ 5 اگست کو مودی کی ہندوتوا ذہنیت نے ان پر ایک اور گہرا وار کیا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا اقدام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کی شناخت، زمین اور آزادی پر حملہ کیا۔ مقبوضہ کشمیر ایک کھلی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بھی کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا عزم کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت ملنا چاہیے۔ بھارتی مظالم کشمیری عوام کا حوصلہ کم نہیں کر سکتے۔

یومِ استحصالِ کشمیر پر صوبائی وزیر قانون و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن عالمی ضمیر پر سوالیہ نشان ہے۔ 5 اگست عزمِ تجدیدِ یکجہتی کشمیر کا دن ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کے سیاسی، سماجی و انسانی حقوق پامال کیے۔ کشمیر میں ظلم و جبر کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔

یوم استحصال کشمیر پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 5 اگست کو ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ یوم استحصال کشمیر پر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا۔ بھارتی مظالم کیخلاف کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

Watch Live Public News