ویب ڈیسک: امریکی ریاست ورجینیا میں ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی غزالہ ہاشمی نے نائب گورنر کا انتخاب جیت لیا، یوں وہ اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد امریکی خاتون بن گئیں۔
سرکاری نتائج کے مطابق غزالہ ہاشمی نے 12 لاکھ 72 ہزار 699 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے ریپبلکن حریف جان ریڈ کو 10 لاکھ 43 ہزار 90 ووٹ ملے۔
غزالہ ہاشمی اس سے قبل ورجینیا سینیٹ میں خدمات انجام دے چکی ہیں جہاں وہ ریاست کی پہلی مسلم اور جنوبی ایشیائی امریکی سینیٹر کے طور پر جانی جاتی ہیں۔
تجربہ کار ماہرِ تعلیم اور سماجی انصاف کی حامی غزالہ ہاشمی کی قانون سازی کے ترجیحی نکات میں عوامی تعلیم کا فروغ، ووٹنگ کے حقوق کا تحفظ، تولیدی آزادی، اسلحے کے زور پر تشدد کی روک تھام، ماحولیات، سستی رہائش اور صحت کی بہتر سہولتوں تک رسائی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزالہ ہاشمی 1964ء میں بھارت کے شہر حیدرآباد میں پیدا ہوئیں۔ وہ چار سال کی عمر میں اپنی والدہ اور بھائی کے ہمراہ ریاست جارجیا منتقل ہوئیں، جہاں ان کے والد بین الاقوامی تعلقات میں پی ایچ ڈی کر رہے تھے۔
غزالہ ہاشمی نے اپنے ابتدائی دور میں امریکی تعلیمی نظام میں نسلی امتیاز کے خاتمے کا زمانہ دیکھا، جس نے ان کے اندر برابری، شمولیت اور مکالمے کی اقدار کو فروغ دیا۔
غزالہ ہاشمی کی کامیابی کو نہ صرف امریکی مسلم کمیونٹی بلکہ جنوبی ایشیائی حلقوں میں بھی تاریخی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔