ویب ڈیسک: لاس اینجلس میں فیفا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی امن کے لیے خدمات کے اعتراف میں ’’فیفا امن انعام‘‘ سے نوازا۔ یہ ایوارڈ فیفا کے صدر نے ورلڈ کپ ڈرا کی تقریب کے دوران ٹرمپ کو پیش کیا۔
تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں مختلف تنازعات، خصوصاً پاک بھارت جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، جس سے لاکھوں جانیں بچیں۔ انہوں نے روانڈہ اور کانگو کی جنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان تنازعات میں ایک کروڑ سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور کینیڈا کے تعلقات مضبوط ہیں جبکہ میکسیکو کے ساتھ بھی بہترین روابط قائم ہیں۔ انہوں نے فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ایونٹ کے لیے بےچینی سے منتظر ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ فیفا امن انعام ملنا ان کے لیے بڑا اعزاز ہے، اور یہ عالمی امن و انسانیت کے لیے ان کی کوششوں کا اعتراف ہے۔ ان کے مطابق، اس اعزاز نے بین الاقوامی تعلقات اور امن کے فروغ کے لیے ان کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اس وقت دنیا کا بہترین ملک ہے اور عالمی تعاون میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔