ویب ڈیسک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
وینزویلا کی موجودہ صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے قائم مقام مندوب عثمان جدون نے کہا کہ کیریبین خطے میں عدم استحکام عالمی اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے نیک شگون نہیں، کیونکہ دنیا پہلے ہی متعدد بحرانوں کا سامنا کر رہی ہے۔
عثمان جدون نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت کسی بھی ملک کی سرحدی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کا استعمال یا دھمکی دینا ممنوع ہے۔ یو این منشور دوسروں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کا پابند کرتا ہے۔
پاکستانی قائم مقام مندوب نے یکطرفہ فوجی کارروائی کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور ریاستی خود مختاری کے اصول کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات عالمی قانونی نظام کو کمزور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے اقدامات آنے والے برسوں تک غیر متوقع اور سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
عثمان جدون نے اس نازک مرحلے پر سفارتکاری اور مکالمے کو ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ قرار دیا اور فریقین پر زور دیا کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی میں کمی لائیں اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دیں۔