قومی اسمبلی بھارتی جارحیت کے خلاف یک زبان، مودی سرکار کو سخت پیغام

قومی اسمبلی بھارتی جارحیت کے خلاف یک زبان، مودی سرکار کو سخت پیغام
کیپشن: قومی اسمبلی بھارتی جارحیت کے خلاف یک زبان، مودی سرکار کو سخت پیغام

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحیت کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں یک زبان ہو گئیں۔ ارکان اسمبلی نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔

اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق نے کی، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے مختلف رہنماؤں نے شرکت کی اور بھارت کو خبردار کیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کا انجام سنگین ہوگا۔

بھارت کو سخت ترین جواب دیں گے: بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر بھارت نے کوئی ’مس ایڈونچر‘ کیا تو پاکستان سخت ترین جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے پہلی بار سندھ طاس معاہدہ ختم کیا، جس پر پاکستان کو عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے مودی کے انڈیا کو ’انتہا پسند ریاست‘ قرار دیا اور کہا کہ بھارت اگر جنگ چھیڑے گا تو یہ غزہ جیسی جنگ نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ شدید ہو گی۔

سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کیخلاف جرم ہے: بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کر رہا بلکہ خود اس کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی ایک عالمی جرم ہے اور بھارت کی طرف سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔

پاکستان کے لیے جان بھی قربان ہے: سحر کامران

پیپلز پارٹی کی رکن سحر کامران نے ایٹمی پروگرام کے معماروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی طاقت ہی بھارت کو حملہ کرنے سے روکے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کے دفاع کے لیے تیار ہے۔

جنگ ہی سہی، اگر بھارت چاہتا ہے: فاروق ستار

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت جنگ چاہتا ہے تو پھر جنگ ہی سہی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، اور اگر اب دوبارہ ایسا موقع آیا تو دشمن کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔

ن لیگ کی غیر موجودگی پر تنقید: عمر ایوب

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سمیت وزرا کی سیٹیں خالی ہیں، لگتا ہے مسلم لیگ ن ایوان سے فرار اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں سنجیدہ نہیں۔

قوم متحد، دشمن کو جواب ملے گا: اعجاز الحق

مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ ہر بحران میں قوم متحد ہوتی ہے، اور اس بار بھی پاکستان دشمن کو اس کی زبان میں جواب دے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی مفادات پر واضح اور جاندار موقف اپنائے۔

Watch Live Public News