ویب ڈیسک:پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) ایڈیشن 10 کے میچز کے سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کے لیے پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہناہےکہ پولیس کی معاونت کے لیے پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔
لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے لیے رینجرز کے ایک ایک ونگ اور آرمی کی دو، دو کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔ سیکیورٹی کے یہ انتظامات 6 اپریل سے 19 مئی تک جاری رہیں گے، جب کہ پی ایس ایل کے میچز 11 اپریل سے 18 مئی تک شیڈول ہیں۔
پی ایس ایل ایڈیشن 10 ایک ہائی پروفائل ایونٹ ہے جس میں بین الاقوامی کرکٹرز، میچ آفیشلز اور دیگر معززین شرکت کریں گے، اس لیے اس ایونٹ کے دوران لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ٹیموں کے قیام، سفر اور میچز کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کی خدمات کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھی ارسال کر دی ہے۔