(ویب ڈیسک ) رہائش کیلئے دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔
یورپی ملک ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن نے مسلسل دوسرے سال آسٹریا کے شہر ویانا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
قبل ازیں ویانا 2022 سے 2024 تک مسلسل 3 بار رہائش کیلئے دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا تھا۔
اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کی جانب سے 2026 کے لیے دنیا بھر میں رہائش کیلئے بہترین شہروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔اس فہرست میں 173 شہروں کی درجہ بندی مختلف عناصر جیسے طبی سہولیات، تعلیم، استحکام، انفرا اسٹرکچر اور ماحولیات کو مدنظر رکھ کر کی گئی۔
کوپن ہیگن نے استحکام، تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں پرفیکٹ اسکور حاصل کیا۔کوپن ہیگن کے بعد دوسرا نمبر مشترکہ طور پر ویانا کے نام رہا۔
آسٹریلیا کے شہروں میلبرن اور سڈنی کے حصے میں بالترتیب تیسرا اور چوتھا نمبر آیا۔سوئس شہر زیورخ اور جنیوا بالترتیب 5 ویں اور چھٹے نمبر پر رہے۔
جاپان کا اوساکا شہر 7 ویں جبکہ آسٹریلیا کا شہر ایڈیلیڈ 8 ویں نمبر پر رہا۔کینیڈا کا شہر وینکوور 9 ویں جبکہ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو 10 واں بہترین شہر قرار پایا۔
اس فہرست میں پاکستان کا ایک ہی شہر شامل ہے اور وہ کراچی ہے، جو 173 میں سے 170 ویں نمبر پر موجود ہے، گزشتہ سال بھی کراچی کے حصے میں یہی نمبر آیا تھا۔