چین کے شہر چونگ کنگ میں دنیا کا طویل ترین آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم قائم

چین کے شہر چونگ کنگ میں دنیا کا طویل ترین آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم قائم
کیپشن: چین کے شہر چونگ کنگ میں دنیا کا طویل ترین آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم قائم

ویب ڈیسک: چین کا شہر چونگ کنگ اپنی منفرد پہاڑی جغرافیائی ساخت اور پیچیدہ انفراسٹرکچر کے باعث دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ دنیا کے گہرے ترین سب وے اسٹیشن اور عمارتوں کے درمیان سے گزرتی معلق ٹرین کے بعد اب یہاں دنیا کا طویل ترین آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

"ووشان گاڈیس ایسکلیٹر" نامی یہ جدید منصوبہ 21 ایسکلیٹرز، 8 لفٹس، 4 موونگ واک ویز، 2 پیدل پلوں اور 2 اوور پاسز پر مشتمل ہے۔ یہ سسٹم ووشان کاؤنٹی کے گاوٹانگ علاقے میں شن نو ایونیو کے بالائی اور زیریں حصوں کو آپس میں ملاتا ہے اور سفر کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم کر کے محض 20 منٹ تک لے آتا ہے۔

ایسکلیٹر کے نچلے اور اوپری حصے کے درمیان بلندی کا فرق تقریباً 242 میٹر ہے، جو 80 منزلہ عمارت کے مساوی ہے، جبکہ پورا سسٹم تقریباً 905 میٹر (تقریباً ایک کلومیٹر) طویل ہے۔

یہ منصوبہ 17 فروری سے آزمائشی بنیادوں پر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ فی مسافر کرایہ 3 یوان (تقریباً 0.4 امریکی ڈالر) مقرر کیا گیا ہے، جسے آزمائشی مدت کے بعد برقرار رکھنے یا تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ جدید سہولت نہ صرف شہریوں کے لیے سفر کو آسان اور آرام دہ بنائے گی بلکہ چونگ کنگ کے دشوار گزار جغرافیائی ڈھانچے میں نقل و حرکت کو بھی نمایاں طور پر بہتر کرے گی۔

Watch Live Public News