ویب ڈیسک: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ پرامن اور ذمہ دارانہ انداز میں انتخابی عمل کو کامیاب بنائیں اور اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں۔
مختلف پولنگ اسٹیشنز کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے بلا تعطل جاری ہے، اور مختلف مقامات پر ووٹرز کی بڑی تعداد میں شرکت دیکھنے میں آ رہی ہے۔
راجہ شہباز خان کے مطابق خواتین پولنگ اسٹیشنز پر بھی خواتین ووٹرز کی نمایاں تعداد اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال کے لیے پہنچ رہی ہے، جو انتخابی عمل میں عوامی دلچسپی کا واضح اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹرز کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ انتخابات شفاف، آزادانہ اور پرامن ماحول میں مکمل ہوں۔
چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھیں اور جمہوری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔