(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایران ڈیڈلائن میں 2 ہفتے کی توسیع کی درخواست کردی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں پوری قوت اور پائیداری کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں، جن سے مستقبل قریب میں ٹھوس نتائج برآمد ہونے کے قوی امکانات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی عمل کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے، میں صدر ٹرمپ سے پرزور گزارش کرتا ہوں کہ وہ ڈیڈ لائن میں 2 ہفتوں کی توسیع کر دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پورے خلوص کے ساتھ برادر ملک ایران سے درخواست کرتا ہے کہ وہ خیر سگالی کے طور پر آبنائے ہرمز کو 2 ہفتوں کے لیے کھول دے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام متحارب فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ ہر جگہ 2 ہفتوں کے لیے جنگ بندی کا اعلان کریں تاکہ سفارت کاری کے ذریعے جنگ کے حتمی خاتمے، اور خطے میں طویل مدتی امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔