پی ایس ایل نے پاکستان کو عالمی سطح پر مثبت شناخت دی ہے، بابر اعظم

پی ایس ایل نے پاکستان کو عالمی سطح پر مثبت شناخت دی ہے، بابر اعظم
کیپشن: پی ایس ایل نے پاکستان کو عالمی سطح پر مثبت شناخت دی ہے، بابر اعظم

ویب ڈیسک: سابق کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) نے ہمیشہ پاکستان کو عالمی سطح پر مثبت شناخت دی ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کا لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں تاریخی روڈ شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ پی ایس ایل کے ساتھ میرا بہت اچھا سفر رہا۔ پی ایس ایل نئے کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے کھیل پر توجہ دی ہے۔ بڑے کھلاڑیوں نے ہمیشہ میری اچھی رہنمائی کی۔ سینئر کھلاڑی اپنے اندر اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربات سے آگاہ کرتا ہوں۔

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ پی ایس ایل آپ کے کھیل کو نکھارتی ہے۔ انٹر نیشنل پلیئرز سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ بابر اعظم جیسے سینئر پلیئر سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

حارث رؤف نے کہا کہ پی ایس ایل ہماری زندگی کا حصہ ہے۔ پی ایس ایل نے میری زندگی میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کے لئے کھیلنا ایک اعزاز کی بات ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کا لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں تاریخی روڈ شو کی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتے ہیں۔ ہمارے قومی کرکٹرز میں بہت صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے۔ کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ہم نے کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کیا ہے۔ پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں نیا سٹیڈیم بنا رہے ہیں۔

ہائی کمشنر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پی ایس ایل روڈ شو کا انعقاد تاریخی کامیابی ہے۔ آج کھیل سفارتی کاری کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

سی ای او ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کامیاب تقریب کے انعقاد پر خوشی ہے۔ دو ٹیموں کی فرنچائز کے لئے بڈز اوپن ہیں۔ پاکستان کرکٹ کی ترویج کے لئے بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔

سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑیوں کا عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کے کھیل کو فروغ مل رہا ہے۔ یہ تمام پاکستانیوں اور کرکٹرز کے لئے قابل فخر لمحہ ہے۔

سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی دوسری بہترین لیگ ہے۔ ہم مسلسل ٹاپ لیگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ دو نئی ٹیموں کے آنے سے لیگ میں مزید بہتری آئے گی۔ ہماری لیگ 40 دن میں مکمل ہو جاتی ہے جو بہت اچھا کام ہے۔ دوسری لگی 3،3ماہ چلتی ہے اتنے میں بچہ بڑا ہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لئے تفریح کے اچھے مواقع فراہم کررہی ہے۔ پی سی بی اور پی سی ایل کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کررہی ہیں۔

Watch Live Public News