ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 10 محرم الحرام کے گزرنے پر حکومت کے خلاف مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اب بانی پی ٹی آئی نے اس تحریک کو شروع کرنے کے لئے تاریخ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد علیمہ خان نے اُن کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مخالف تحریک کیلئے 5 اگست کی تاریخ دی گئی ہے، اور کہا اس تاریخ پر حکومت مخالف تحریک میں شدت ہونی چاہیے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے کہاکہ حکومت مخالف تحریک کے لیے 5 اگست کی تاریخ دینے کا مقصد یہ ہے کہ اس روز عمران خان کی گرفتاری کو 2 سال مکمل ہو جائیں گے۔
عمران خان نے 5 اگست کی تاریخ دے دی , عمران خان کا تحریک کو 5 اگست تک بلندی پر لیجانے کا پارٹی کو حکم-@Aleema_KhanPK
— PTI (@PTIofficial) July 8, 2025
pic.twitter.com/yGp4NpcRRL
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ قوم اب میرے لیے نہیں بلکہ اپنی آزادی کی خاطر نکلے۔ کیوں کہ 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے قانون کی حکمرانی کو دفن کردیا گیا ہے۔
عمران خان نے واضح کیا ہے کہ اب حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، صرف تحریک چلے گی۔