ویٹی کن سٹی: پہلے مرحلے میں نئے پوپ کا انتخاب نہ ہوسکا

ویٹی کن سٹی: پہلے مرحلے میں نئے پوپ کا انتخاب نہ ہوسکا
کیپشن: ویٹی کن سٹی: پہلے مرحلے میں نئے پوپ کا انتخاب نہ ہوسکا

ویب ڈیسک: کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کے انتخاب کا عمل بدھ کو شروع ہوا، تاہم پہلے دن کارڈینلز کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا بھر سے تقریباً 70 ممالک کے 133 کارڈینلز نے ویٹی کن کے مشہور سسٹین چیپل میں بند کمرے کے اجلاس میں شرکت کی، لیکن ابتدائی ووٹنگ کے بعد چمنی سے کالے دھوئیں کا اخراج ہوا، جو اس بات کی علامت ہے کہ ابھی نیا پوپ منتخب نہیں ہوا۔

سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہزاروں افراد اس منظر کے منتظر تھے۔ ووٹنگ کے آغاز کے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد دھواں نمودار ہوا، جس نے اعلان کیا کہ فیصلہ مؤخر ہو گیا ہے۔

انتخابی عمل کے تحت تمام کارڈینلز ویٹی کن کے سانتا مارٹا گیسٹ ہاؤس میں قیام پذیر ہوتے ہیں، جہاں سے وہ اگلے روز یعنی جمعرات کو دوبارہ سسٹین چیپل واپس آئیں گے اور ووٹنگ کا عمل جاری رکھیں گے۔

پوپ کے انتخاب کا طریقہ کار

کیتھولک چرچ میں پوپ کے انتخاب کو "کانکلیو" کہا جاتا ہے، جو لاطینی لفظ ہے جس کا مطلب ہے "چابی کے ساتھ بند کمرہ"۔ اس موقع پر تمام اہل کارڈینلز (جن کی عمر 80 سال سے کم ہو) ویٹی کن کے مخصوص تالہ بند مقام پر جمع ہوتے ہیں۔

یہ انتخاب خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہوتا ہے، جس میں کسی امیدوار کو دو تہائی اکثریت یعنی کم از کم 89 ووٹ حاصل کرنے پر منتخب تصور کیا جاتا ہے۔ ہر ووٹنگ کے بعد بیلٹ پیپرز کو مخصوص کیمیکل کے ساتھ جلایا جاتا ہے۔

کالا دھواں = انتخاب ناکام

سفید دھواں = نیا پوپ منتخب

بدھ کے روز سسٹین چیپل کی چمنی سے نکلنے والا کالا دھواں اس بات کی علامت ہے کہ پہلے دن کسی امیدوار کو درکار اکثریت حاصل نہیں ہو سکی۔

یاد رہے کہ حال ہی میں کیتھولک مسیحیوں کے سابق روحانی پیشوا پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد نیا پوپ منتخب کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔

Watch Live Public News