افغانستان میں زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی

افغانستان میں زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی
ہرات: افغانستان کے صوبے ہرات میں گذشتہ روز آنے والا زلزلہ 2 ہزار سے زائد انسانی جانیں نگل گیا۔ اے ایف پی کا کہنا ہے کہ ایک حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار سے بڑھ گئی ہے، امدادی کارکن رات بھر مغربی افغانستان میں کچے گھروں میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ہفتے کو آنے والے 6.3 کی شدت کے زلزلے کے بعد 8 زبردست آفٹر شاکس نے صوبائی دارالحکومت ہرات کے شمال مغرب میں 30 کلومیٹر (19 میل) کے فاصلے پر واقع علاقوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، زلزلے سے بڑی تعداد میں دیہی مکانات منہدم ہوئے جس کی وجہ سے خوف زدہ شہریوں نے رات سڑکوں پر گزاری ہے۔ زلزلے کا مرکز خطے کے سب سے بڑے شہر ہرات کے قریب تھا، امریکی جیولوجیکل سروے کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز صوبہ پکتیا اور زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہرات کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ، ہرات میں زلزلے کے بعد 5.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی آئے، افغانستان کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے ایران اور ترکمانستان میں بھی محسوس کیے گئے، شہر میں اے ایف پی کے ایک صحافی نے بتایا کہ زلزلہ صبح 11:00 بجے (0630 GMT) کے قریب پہلا زلزلہ آیا۔ گذشتہ سال جون میں 5.9 شدت کے زلزلے کے بعد 1 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزار افراد بے گھر ہو گئے تھے، افغانستان میں تقریباً 1 چوتھائی صدی میں یہ سب سے زیادہ ہلاکت خیز زلزلہ تھا، جو غریب صوبے پکتیکا میں آیا تھا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔