(ویب ڈیسک ) ایف ڈبلیو او اور امریکی کمپنی کے درمیان کریٹیکل منرلز پرتاریخی معاہدہ ہوگیا۔اس معاہدے کے تحت ابتدائی مرحلے میں 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی ہے جس میں کریٹیکل منرلز پر معاہدہ اور کئی مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
اس ملاقات میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور آرمی چیف بھی شریک تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی کمپنیوں نے پاکستان میں کان کنی اور انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کے تانبے، سونے اور دوسری معدنیات کے ذخائرپر امریکی وفد کو بریفنگ دی گئی اور 2 اہم ایم او یوز پردستخط ہوئے، معدنیات اور لاجسٹکس شعبے میں تعاون پر اتفاق ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف ڈبلیو او اور امریکی کمپنی کے درمیان کریٹیکل منرلز پرتاریخی معاہدہ ہوا ، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان سے اینٹیمونی، تانبا، سونا، ٹنگسٹن ایکسپورٹ ہوگا۔اس کے علاوہ امریکی کمپنی پاکستان میں جدید پولی میٹلک ریفائنری قائم کرے گی، معاہدہ روزگار،ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پائیدار ترقی کاضامن ہوگا۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این ایل سی اور دوسری امریکی کمپنی کے درمیان لاجسٹکس اور تعمیرات پرایم او یوپردستخط ہوئے ہیں، امریکی کمپنی پاکستان میں طویل المدتی شراکت داری کی خواہاں ہے، وفد کا دورہ اور معاہدے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کی نئی مثال ہے۔