’’ڈسکہ میں شفاف انتخاب کو یقینی بنایا جائے‘‘

’’ڈسکہ میں شفاف انتخاب کو یقینی بنایا جائے‘‘

لاہور(پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں ووٹ چوری، دھاندلی میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کریں گے، پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارے گا، اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہا ڈسکہ میں الیکشن کی ذمہ داری پر مامور افسران اور عملہ آئین اور قانون کے مطابق شفاف انتخاب کو یقینی بنائے، الیکشن ڈیوٹی پر تعینات افسران اور عملہ ڈسکہ کے عوام اور ووٹ کی حفاظت یقینی بنائے، دھاندلی کرانے کا حکومتی حکم ملے تو الیکشن ڈیوٹی پر مامور افسران اور عملہ اسے ماننے سے انکار کر دے، انتخابی ووٹ اور ڈبے کے ساتھ کھلواڑ عوام اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہو گا، الیکشن کمشن سے درخواست ہے کہ کاونٹر فائلز کی کڑی نگرانی کی جائے۔

حمزہ شہباز کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ یقینی بنائے کہ کاونٹر فائلز ووٹ کی پرچی کے سیریل نمبر کے ساتھ میچ ہو، خبردار کرتا ہوں کہ عوام ایسی کسی بھی کوشش کی سخت مزاحمت کریں گے، یہ صرف ڈسکہ کا نہیں ،پورے پاکستان کا الیکشن ہے، ووٹ چوروں کی شکست ان کی اقتدار سے روانگی کا ذریعہ بنے گی۔

حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ انشاءاللہ 10 اپریل کوایک بارپھر ڈسکہ کے عوام کی فتح کا سورج طلوع ہو گا، عوام ووٹ کے ذریعے مہنگائی، بے روزگاری کا ظلم ڈھانے والے لٹیرے حکمرانوں کو مسترد کرے، ڈسکہ کے عوام کا ہر ووٹ کشمیر فروش، آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چور کرپٹ ٹولے سے نجات کا باعث بنے گا۔ڈ سکہ کے عوام نے ثابت کردیا کہ وہ بیدار، خبردار اور ووٹ کی عزت کے رکھوالے ہیں۔ ہر شہری، مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن اور سپورٹر ووٹ کا پہرہ دے گا۔ حکومت غنڈہ گردی، غیرقانونی اور چور ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز رہے۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پورا یقین اور اعتماد ہے کہ ڈسکہ کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل پر مہر لگائیں گے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔