ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئے 104 فیصد تجارتی ٹیرف کے جواب میں چین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے مضبوط اور پائیدار اقدامات اٹھائے گا۔
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے باقاعدہ پریس بریفنگ میں کہا کہ اگر امریکا حقیقی طور پر بات چیت اور مذاکرات سے مسئلہ حل کرنا چاہتا ہے تو اسے برابری اور باہمی احترام کا رویہ دکھانا ہوگا۔
امریکی وزارت تجارت کے تبصروں کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ "اگر امریکا ٹیرف کی جنگ اور تجارتی جنگ لڑنے پر اصرار کرتا ہے، تو چین یقینی طور پر آخر خد تک لڑے گا۔"
یاد رہے کہ 10 اپریل سے چین نے امریکا سے درآمد ہونے والی تمام اشیاء پر 34 فیصد اضافی ٹیرف کا نفاذ کردیا تھا۔ یہ اقدام ٹرمپ کی جانب سے چین پر 34 فیصد نئےمحصولات عائد کرنے کے جواب میں اٹھایا گیا تھا۔
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو اسٹیٹ کونسل انفارمیشن آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں چین نے واضح کیا تھا کہ "اگر امریکا اپنی اقتصادی اور تجارتی پابندیوں کو مزید بڑھانے پر اصرار کرتا ہے، تو چین پورے طاقت کے ساتھ امریکا کا سامنا کرے گا اور آخر تک اس کا مقابلہ کرے گا۔"