(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے معدنی شعبے کی ترقی سے متعلق پاکستانی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی وفد نے ملاقات کی۔ امریکی وفد کی قیادت سینئیر بیورو آفیشل ایرک مئیر نے کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملاقات پاکستان منزل انویسٹمنٹ فورم کے پس منظر میں ہوئی، امریکی وفد نے اپنی نوعیت کے اس پہلے فورم کے انعقاد کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے معدنی شعبے کی ترقی سے متعلق پاکستانی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ پاکستان میں معدنی وسائل کے فروغ کے لیے شراکت داری پر دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور عالمی پیش رفت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دو طرفہ تعلقات کے مثبت رجحان پر دونوں جانب سے اعتماد کا اظہار کیا گیا۔