وزیرتعلیم پنجاب نےموسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کی وجہ بتادی

وزیرتعلیم پنجاب نےموسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کی وجہ بتادی
کیپشن: وزیرتعلیم پنجاب نےموسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کی وجہ بتادی

ویب ڈیسک: پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات خان نے صوبے بھر میں اسکولوں کی موسمِ گرما کی تعطیلات میں توسیع کی وضاحت پیش کر دی ہے۔

 صوبائی محکمہ تعلیم نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ تمام سرکاری و نجی اسکول اب یکم ستمبر سے دوبارہ کھلیں گے، جبکہ اس سے قبل تعطیلات 14 اگست تک مقرر تھیں۔ یہ اعلان وزیرِ تعلیم نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے کیا۔

رانا سکندر حیات خان کے مطابق، گرمی کی شدید لہر کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس توسیع سے طلبہ کے تعلیمی سلسلے میں تعطل پیدا ہوگا، تاہم بچوں کی صحت اور سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی درجہ حرارت کی صورتِ حال میں بچوں کو اسکول بلانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب، آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق، تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع بلاجواز ہے اور اسے فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اسلام آباد سمیت دیگر صوبوں میں اسکول معمول کے مطابق کھل چکے ہیں، اس لیے پنجاب میں بھی تدریسی عمل بحال کیا جائے۔

ایسوسی ایشن کا مزید کہنا ہے کہ طویل تعطیلات سے میٹرک اور دیگر امتحانی کلاسز کا تعلیمی شیڈول بری طرح متاثر ہوگا۔ بچوں کو تین ماہ تک تعلیم سے دور رکھنا ان کی تعلیمی کارکردگی اور مستقبل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس لیے حکومت کو چاہیے کہ گرمی سے بچاؤ کے متبادل انتظامات کے ساتھ اسکول کھولے جائیں، تاکہ تعلیم اور صحت دونوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Watch Live Public News