ویب ڈیسک: امریکی جریدے بلومبرگ نے انکشاف کیا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی کے بعد بھارتی وزیراعظم مودی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سامنا کرنے سے بچنے کیلئے صدر ٹرمپ کی دعوت مسترد کر دی تھی۔
بلوم برگ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کو یقین تھا کہ امریکی صدر اُن کی ملاقات فیلڈ مارشل سے ضرور کروائیں گے۔ اس لیے انہوں نے ٹرمپ کی دعوت پر امریکا جانے سے صاف انکار کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر نے جی سیون اجلاس کے بعد مودی کو امریکا آنے کا کہا تھا۔
اس کے بعد دونوں رہنماوں کے درمیان 17 جون کو ٹیلی فون پر 35 منٹ کی طویل گفتگو ہوئی تھی۔ جس میں بھارتی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ بھارت کسی کی ثالثی قبول نہیں کرے گا۔ مودی کے اس رویے پر ٹرمپ اُن سے ناراض ہوئے اور دوبارہ رابطہ نہیں کیا۔
بلوم برگ کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ مودی نے فیلڈ مارشل اور صدر ٹرمپ کی ملاقات نہ ہونے کی کوشش بھی کی تھی لیکن اس حوالے سے اُن کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جس کے بعد امریکا اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونا شروع ہوگئے۔
بعد ازاں ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو نہ صرف مردہ کہا بلکہ بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف بھی عائد کیا۔