روس نے سولیدار شہر کے قریب ریلوے اسٹیشن پر راکٹ حملہ کرکے یوکرین کی مدد کیلئے بھیجے گئے امریکی و مغربی ہتھیاروں کو تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان روسی وزارت دفاع ایگور کوناشینکوف نے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ روسی ائیر فورس نے یوکرین کے شہر سولیدار کے قریب ایک ریلوے اسٹیشن پر فضائی حملہ کیا ہے،اس حملے میں یوکرینی فوج کی مدد کیلئے بھجوائے گئے امریکی و مغربی ہتھیاوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایگور کوناشینکوف نے کہا کہ روسی ائیر فورس نے حملے کیلئے فضا سے زمینی ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کیلئے بہترین میزائل استعمال کیے گئے جس کے نتیجے میں ریلوے اسٹیشن پر پہنچائے گئے مغربی ہتھیاروں اور فوجی سازو سامان کو تباہ کردیا گیا ہے۔ ترجمان روسی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ روس فضائیہ کی جانب سے یوکرینی فوج کے میزائل اور اسلحہ کے ہتھیاروں کو ذخیرہ کرنے والے چھ ڈپو ؤں کو بھی تباہ کردیا گیا ہے،اس کے علاوہ یوکرین کے Su-25 جنگی طیارے کو بھی مار گرایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روسی فضائیہ نے لوہانسک، ڈونیٹسک اور خارکیو کے علاقوں میں اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا۔