ویب ڈیسک: کیتھولک چرچ کے نئے منتخب ہونے والے روحانی پیشوا پوپ لیو 14نے سینٹ پیٹرز بیسیلیکا کی بالکونی سے اپنی پہلی عوامی جھلک میں تین اہم اشارے دیے کہ وہ چرچ کی 1.4 ارب رکنی جماعت کی قیادت کس انداز سے کریں گے۔
امریکا سے تعلق رکھنے والے کارڈینل رابرٹ پرووسٹ کو جمعرات کے روز چرچ کے عالمی کارڈینلز نے دوسرے دن کے کانکلیو میں پوپ فرانسس کے جانشین کے طور پر منتخب کیا، جو گزشتہ ماہ وفات پا گئے تھے۔
پوپ لیو 14 امریکا سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ ہیں، تاہم وہ پیرو کی شہریت بھی رکھتے ہیں، جہاں انہوں نے کئی دہائیوں تک بطور مشنری خدمات انجام دیں۔
1۔ نام کا انتخاب: سماجی انصاف کی علامت
انہوں نے اپنے لیے "لیو 14" کا انتخاب کیا — یہ نام آخری بار 1878 سے 1903 تک پوپ لیو سیزدہم نے استعمال کیا تھا، جو مزدوروں کے حقوق، مناسب اجرت، کام کے بہتر حالات اور یونین سازی کے حق کے بڑے داعی تھے۔
مسیحی مفکر تھامس ریس کے مطابق، "یہ نام ظاہر کرتا ہے کہ پوپ سماجی تعلیمات کو اپنی ترجیح بنائیں گے، جیسا کہ پوپ فرانسس نے غربت اور فقیری کے خلاف آواز بلند کی۔"
2۔ ابتدائی خطاب: "امن ہو تم سب پر" — زبان اور پیغام کا امتزاج
اپنے پہلے عوامی خطاب میں پوپ نے اطالوی زبان استعمال کی، اور پیرو کی برادری کے لیے مختصر ہسپانوی کلمات کہے، لیکن امریکی شہریت کے باوجود انگریزی زبان استعمال نہیں کی۔
ان کے پہلے الفاظ "La pace sia con tutti voi!" (تم سب پر امن ہو) نے عالمی سطح پر موجود جنگ و جدل میں الجھی دنیا کے لیے امن کا پیغام دیا۔ پوپ نے "خدا کا امن، جو بغیراسلحہ اور دل کو چھو لینے والا ہے" کو عام کرنے کی بات کی۔
انہوں نے مرحوم پوپ فرانسس کو یاد کرتے ہوئے کہا:
"ہماری سماعتوں میں اب بھی پوپ فرانسس کی کمزور مگر ہمت بھری آواز گونج رہی ہے۔"
پوپ لیو نے وہی دعائیہ کلمات دہرائے جو پوپ فرانسس نے اپنے آخری خطبے میں کہے تھے:
"خدا ہم سے محبت کرتا ہے، خدا سب سے محبت کرتا ہے، اور بدی غالب نہیں آئے گی۔ ہم خدا کے ہاتھوں میں ہیں۔"
3۔ لباس کا پیغام: روایت اور تسلسل
فرانسس کے برعکس، جنہوں نے انتخاب کے روز رسمی لباس سے اجتناب کیا، پوپ لیو 14 نے روایتی سرخ جبہ پہنا، جو ان کے انداز قیادت میں روایت سے جڑے رہنے کے اشارے دیتا ہے۔
اگرچہ وہ پوپ فرانسس کی روایت کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن ان کا طرز قیادت ایک مختلف اور نمایاں پہچان رکھتا ہے — ایک ایسا پوپ جو امن، روایات اور سماجی انصاف کے مابین توازن پیدا کرنا چاہتا ہے۔