(سمیع الدین) شام کے عبوری صدر احمد الشرع کا امریکی عسکری قیادت کے ساتھ باسکٹ بال کھیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شامی صدر امریکی عسکری حکام بشول سینٹ کام کے کمانڈر ایڈم بریڈ کوپر کے ساتھ خوشگوار ماحول میں باسکٹ بال کھیل رہے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کا شامی صدر سے ملاقات کا مقصد شام میں امریکی فوجی اڈے کے قیام کے حوالے سے بات کرنا تھا۔
ایک شامی سفارتی ذریعے نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ امریکہ دمشق کے قریب ایک فوجی اڈہ قائم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے، جس کا مقصد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شام اور اسرائیل کے درمیان پیشرفت پر نظر رکھنا ہے۔
WATCH: Syrian President Ahmed al-Sharaa plays basketball with U.S. officials, including CENTCOM Commander Adm. Brad Cooper.pic.twitter.com/jtsm70TS0f
— Clash Report (@clashreport) November 8, 2025
واضح رہے کہ صدر احمد الشرع کے دورہ امریکا سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بعد امریکا نے شامی صدر احمد الشرع پر عائد پابندیاں ختم کر دیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق امریکا نے احمد الشرع اور شام کے وزیر داخلہ انس خطاب پر عائد سپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ کی حیثیت ختم کر دی ہے، احمد الشرع آئندہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔وہ پیر کو وائٹ ہاؤس کا سرکاری دورہ کرنے والے شام کے پہلے رہنما ہوں گے۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے دو روز قبل امریکا کی پیش کردہ قرارداد کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے احمد الشرع پر سے پابندیاں اٹھانے کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ شام کے نئے رہنما اپنے پرتشدد ماضی سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے ایک اعتدال پسند چہرہ پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو نہ صرف عام شامی عوام کے لیے قابل قبول ہو، بلکہ غیر ملکی طاقتوں کے ساتھ بھی تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش ہو۔