وزیر اعظم کی سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت

وزیر اعظم کی سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت

(ویب ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودیہ کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف  نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہروں ریاض اور ابہا کے ائیر پورٹس کو نشانہ بنانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حملوں میں شہریوں کی اموات اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے سعودی افواج اور اتحادی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی افواج اور اتحادی فورسز نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے حق کی پاکستان مکمل حمایت کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حوثی ملیشیا فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرے، پاکستان ہر خطرے کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کی اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے اپنے بیان میں کنگ خالد اور اور ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر حملوں کی تصدیق کی تھی اور ان حملوں میں 3 افراد کی ہلاکت اور 36 افراد کے زخمی ہونے کا بتایا تھا۔

Watch Live Public News