اقوام متحدہ میں بھارت کو منہ توڑ جواب، پاکستان نے بھارتی الزامات مسترد کردیئے

اقوام متحدہ میں بھارت کو منہ توڑ جواب، پاکستان نے بھارتی الزامات مسترد کردیئے
کیپشن: اقوام متحدہ میں بھارت کو منہ توڑ جواب، پاکستان نے بھارتی الزامات مسترد کردیئے

ویب ڈیسک:  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے بھارتی نمائندے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے بھارت پر خطے میں بدامنی اور دہشت گردی کی معاونت کے الزامات عائد کردیئے۔

پاکستانی قونصلر محمد جواد اجمل نے حقِ جواب استعمال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادیاتی تبدیلیوں میں ملوث ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت افغانستان میں موجود پراکسی گروہوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی معاونت کر رہا ہے اور طالبان حکومت کو مادی و لاجسٹک مدد فراہم کی جارہی ہے۔

محمد جواد اجمل نے کلبھوشن یادیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسے جاسوسی، تخریب کاری اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث قرار دیتا ہے۔ انہوں نے امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کی مبینہ سازش میں نکھل گپتا کے کیس اور کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا بھی حوالہ دیا۔

پاکستانی قونصلر نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا، تاہم تنازعات کے پرامن حل اور بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مئی 2025 میں ہونے والی کارروائی اور پاکستان کے جواب کے زمینی حقائق دنیا کے سامنے ہیں۔

Watch Live Public News