ڈونلڈٹرمپ غزہ پر قبضے کے بیان پر قائم

ڈونلڈٹرمپ غزہ پر قبضے کے بیان پر قائم
کیپشن: ڈونلڈٹرمپ غزہ پر قبضے کے بیان پر قائم

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کو خریدنے اور اس کی ملکیت کے بیان پر قائم ہیں۔

طیارے میں دوران پرواز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کو خریدنے اور اس کی ملکیت کے بیان پر قائم ہیں، مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کو زمین کےکچھ حصے دینے پر غور کیا جاسکتا ہے تا کہ وہاں دوبارہ تعمیر کے عمل میں مدد لی جاسکے۔

ٹرمپ نے کہا کہ فلسطینیوں کا خیال رکھیں گے ان کا قتل نہیں ہونے دیں گے۔مشرق وسطیٰ کے ممالک فلسطینیوں کو اپنے ہاں بسا نے پر تیار ہو جائیں گے جب وہ ان ممالک سے بات کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور مصر کے صدر سے بات چیت کروں گا، غزہ کو مستقبل کی ترقی کے لیے ایک اچھا مقام بنائیں گے۔روسی صدر پیوٹن سے مناسب وقت پر ملاقات کروں گا۔

غزہ پر قبضے کا بیان امریکی شہریوں نے مسترد کردیا:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے بیان کو امریکی شہریوں کی اکثریت نے مسترد کر دیا۔

امریکی میڈیا کے پول کے مطابق 47 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے منصوبے کو برا قرار دے دیا۔

پول میں  13 فیصد نے ٹرمپ کے بیان کی حمایت کی اور 40 فیصد امریکیوں نے اس حوالے سے واضح رائے نہیں دی۔

پول کے مطابق صدر ٹرمپ کے حماس اسرائیل تنازع سے نمٹنے کے طریقہ کار کی 54 فیصد امریکیوں نے حمایت اور 46 فیصد نے مخالفت کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر ٹرمپ نے غزہ پر امریکا کی جانب سے قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا، ہم اس کے مالک ہوں گے۔ جس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھاکہ میں غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھتا ہوں، ہم غزہ کو ترقی دیں گے۔علاقے کے لوگوں کے لیے ملازمتیں دیں گے ، شہریوں کو بسائیں گے۔

ٹرمپ کے اعلان پر اقوام متحدہ اور دنیا کے کئی ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی کی مخالفت کی تھی اور دو ریاستی حل پر زور دیا تھا۔

Watch Live Public News