دنیا کے دس امیر ترین خاندان کون سے ہیں؟

دنیا کے دس امیر ترین خاندان کون سے ہیں؟
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) ہم اکثر جیف بزوس ٗ مارک ذکر برگ اور بل گیٹس کی دولت کے بارے میں خبریں پڑھتے رہتے ہیں لیکن وہیں پر دنیا میں کچھ ایسے افراد نہیں بلکہ خاندان بھی ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں سے دولت مند ترین خاندان ہیں اور کپڑے ٗ خوشبوئیں اور چاکلیٹ بیچ کر وہ آج بھی دنیا کے امیر ترین خاندان میں شامل ہیں۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ دنیا کے دس امیر ترین خاندان کون سے ہیں ٗ ان کی امارت کی وجہ کیا ہے اور وہ کیا بیچ کر امیر ہوئے ہیں۔ سال 2020ء میں دنیا کی دس امیر ترین افراد کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کا سب سے امیر والٹن خاندان ہیں ، امریکہ میں سپر سٹور والمارٹ کے مالک اس خاندان کی نمائندگی نئی نسل کے جم اور ایلس والٹن کر رہے ہیں۔ والمارٹ کے اس وقت دنیا بھر میں 11ہزار 410سٹورز ہیں جن میں سے آدھے سے زیادہ امریکہ میں ہیں اور اس خاندان کا دولت کا تخمینہ 215 بلین ڈالر لگایا گیا ہے۔ مارز خاندان دنیا کا دوسرا سب سے امیر خاندان ہے، اس کی خاندان کی چوتھی نسل چاکلیٹ کے بزنس میں ہے اور وہ دنیا کی مشہور زمانہ مارز چاکلیٹ فروخت کرتے ہیں ٗ ان دنوں اس خاندان کی نمائندگی جیکولین اور جان مارز کر رہے ہیں جبکہ اس خاندان کی دولت کا تخمینہ 120 بلین ڈالر لگایا گیا ہے۔ تیسرے نمبر پر دنیا کا امیر ترین خاندان کوک ہے ، ان کا کاروبار پٹرولیم سے وابستہ ہے ، اس کے علاوہ یہ خاندان سیاست میں بھی بہت ایکٹو ہے ، امریکہ کے امراء کے سرکل میں یہ خاندان ہر جگہ نظر آتا ہے، ان کی نمائندگی چارلس کوک اور ڈیوڈ کوک کرتے ہیں جبکہ اس خاندان کی دولت کا تخمینہ 109.7بلین ڈالر لگایا گیا ہے۔ دنیا کے چوتھے سب سے ا میر خاندان کی فہرست میں آل سعود نے اپنی جگہ بنائی ہے ، بلومبرگ کے مطابق اس خاندان کی دولت کا تخمینہ 95بلین ڈالر ہے ٗ اس خاندان کی آمدن کا ذریعہ بھی پٹرولیم سے وابستہ ہے جبکہ آل سعود سعودی عرب کا کنٹرول بھی سنبھالے ہوئے ہیں ، اس خاندان کی نمائندگی محمد بن سلمان کرتے ہیں جنہوں نے پوری دنیا میں سعودی عرب کا چہرہ تبدیل کر دیا ہے۔ دنیا کے امیر ترین خاندانوں کی فہرست میں انڈیا کی ایک فیملی نے 81.3بلین ڈالر کی دولت سے پانچویں نمبر پر اپنی جگہ بنا لی ہے۔ امبانی خاندان انڈیا کے صنعتی گروپ ریلائنس کا مالک ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اس گروپ نے ٹیلی کمیونی کیشن اور دیگر شعبوں میں بھی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے،یہ خاندان دنیا کے پانچویں امیر ترین خاندان کے طور پر جگہ بنا چکا ہے مگر مکیش امبانی اس وقت دنیا کے 21ویں سب سے امیر شخص کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ اسی طرح بالترتیب چھٹے نمبر پر دنیا کے مشہور زمانہ فیشن برینڈ ہرمیس کا مالک خاندان ڈوماس 63.9بلین ڈالر ، خوشبوئیں بنانے والے ممتاز برینڈ شنیل کا مالک ورٹیمر خاندان 54.4بلین ڈالر کی دولت کے ساتھ ساتویں ، 46.3ملین ڈالر کی دولت کے ساتھ جانسن خاندان آٹھویں ، جرمن دوا ساز خاندان بوہنگر بمباچ 45.7بلین ڈالر کے ساتھ نویں جبکہ جرمنی کے سپر سٹور چین کے مالک البرچٹ خاندان 41بلین ڈالر کی دولت کے سا تھ دسویں نمبر پر ہیں۔