ویب ڈیسک: پاکستان کا صدر ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کو خطے میں امن کی کوششوں پر خراج تحسین، ٹرمپ کی قیادت اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ان کے فعال کردار پر شکریہ ادا کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اس پیش رفت میں امریکا کے تعاون کو سراہتا ہے، جو کہ خطے کے امن اور استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے قبول کی گئی ہے۔ "ہم اس نتیجے کو ممکن بنانے میں امریکا کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں، اور اسے خطے کے مفاد میں ایک اہم قدم سمجھتے ہیں۔"
پاکستان نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کا بھی شکریہ ادا کیا ہے، جنہوں نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔
دفتر خارجہ نے اس پیش رفت کو ایک "نئے آغاز" سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے خطے کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوگی اور یہ علاقائی امن، خوشحالی اور استحکام کی جانب سفر میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
