ویب ڈیسک: فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناو کے ساحلی علاقے میں ہفتے کی صبح شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے فوراً بعد سونامی وارننگ جاری کر دی گئی تھی، تاہم چند گھنٹوں بعد امریکی پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے تصدیق کی کہ فلپائن، انڈونیشیا اور پلاؤ کے لیے اب سونامی کا خطرہ ختم ہو گیا ہے۔
زلزلہ اتنا طاقتور تھا کہ اس کے جھٹکے ڈیواؤ اوریئنٹل سمیت متعدد جنوبی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔ حکام نے ساحلی علاقوں سے شہریوں کو احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔

فلپائن کے صدر فردینینڈ مارکوس جونیئر نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر انخلا اور امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور شہریوں کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صدر مارکوس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب انڈونیشیا کے بعض مشرقی علاقوں میں بھی زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم مقامی حکام کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلے کے بعد علاقے میں کئی مقامات پر بجلی اور رابطے کے نظام میں عارضی تعطل پیدا ہوا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز سمندر کی گہرائی میں تقریباً 25 کلومیٹر نیچے تھا۔ ماہرین نے کہا ہے کہ آفٹر شاکس کا سلسلہ مزید چند دن تک جاری رہ سکتا ہے۔