امریکی نائب صدر جےڈی وینس کا طیارہ تاخیر سے پاکستان کیوں پہنچا؟

امریکی نائب صدر جےڈی وینس کا طیارہ تاخیر سے پاکستان کیوں پہنچا؟
کیپشن: امریکی نائب صدر جےڈی وینس کا طیارہ تاخیر سے پاکستان کیوں پہنچا؟

ویب ڈیسک: ایران سے جنگ بندی مذاکرات کے لیے پاکستان آنے والے امریکی نائب صدر کے خصوصی طیارے کی آمد اعلان کردہ وقت سے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی وفد کی اسلام آباد آمد صبح سات بجے متوقع تھی، تاہم پرواز مقررہ وقت سے تاخیر کا شکار ہو گئی اور طیارہ ساڑھے تین گھنٹے بعد اسلام آباد پہنچا۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق سی 32 اے طیارے کو امریکا سے اسلام آباد تک پہنچنے کے لیے تقریباً پندرہ گھنٹے کا سفر طے کرنا تھا، جس کے دوران ایک اسٹاپ اوور بھی شامل تھا۔ طیارہ امریکی ریاست میری لینڈ کے میری لینڈ جوائنٹ بیس اینڈریوز سے پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بج کر سینتالیس منٹ پر روانہ ہوا۔

رپورٹس کے مطابق طیارے نے مجموعی طور پر تقریباً چودہ گھنٹے بیس منٹ کا سفر طے کیا اور اس دوران پیرس میں تقریباً ڈھائی گھنٹے کا قیام بھی کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق طیارے نے روایتی فضائی راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ مشرقِ وسطیٰ کے بعض ممالک کی فضائی حدود کو نظر انداز کرتے ہوئے متبادل روٹ استعمال کیا۔ اس دوران پرواز جارجیا، آذربائیجان، ازبکستان کے شہر سمرقند اور تاجکستان کے راستے سے گزری۔

مزید بتایا گیا ہے کہ افغانستان کی فضائی حدود کو بھی نظر انداز کرتے ہوئے طیارہ صبح دس بجے چترال کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، جہاں اس کا استقبال فضائیہ کی جانب سے کیا گیا۔

بعد ازاں امریکی فضائیہ کا سی بتیس اے طیارہ صبح دس بج کر تینتیس منٹ پر نور خان ایئربیس پر لینڈ کر گیا۔

Watch Live Public News