غزہ: اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں الجزیرہ کے 5 صحافی شہید

غزہ: اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں الجزیرہ کے 5 صحافی شہید
کیپشن: غزہ: اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں الجزیرہ کے 5 صحافی شہید

ویب ڈیسک: قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے تصدیق کی ہے کہ غزہ شہر کے الشفا ہسپتال کے قریب اسرائیلی فوج کے ٹارگٹڈ حملے میں اس کے پانچ صحافی شہید ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق نامہ نگار انس الشریف، محمد قرائیا، کیمرہ مین ابراہیم ظہیر، محمد نوفل اور مومین علیوا ہسپتال کے مرکزی دروازے پر صحافیوں کے لیے قائم ایک خیمے میں موجود تھے جب یہ خیمہ براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔

الجزیرہ نے اپنے بیان میں اس کارروائی کو آزادی صحافت پر ایک "سوچی سمجھی اور کھلی جارحیت" قرار دیا۔ بیان کے مطابق حملے کے فوراً بعد اسرائیلی فوج نے انس الشریف پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ حماس میں ایک دہشت گرد سیل کے سربراہ کے طور پر سرگرم تھے۔ تاہم، الجزیرہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے اس الزام کو مسترد کیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں مجموعی طور پر سات افراد شہید ہوئے، لیکن اسرائیلی فوج نے باقی صحافیوں کا ذکر تک نہیں کیا۔ الجزیرہ کے منیجنگ ایڈیٹر محمد معوض نے بی بی سی کو بتایا کہ انس الشریف ایک معروف اور قابلِ احترام صحافی تھے جو فرنٹ لائن پر نہیں بلکہ خیمے میں موجود تھے، انہیں براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ کے دوران اسرائیل نے بین الاقوامی صحافیوں کو آزادانہ رپورٹنگ کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث مقامی صحافی عالمی میڈیا کی آنکھ اور کان بنے۔ ان کے مطابق یہ واضح ہے کہ اسرائیل غزہ سے آنے والی کسی بھی آزاد رپورٹنگ کو خاموش کرنا چاہتا ہے۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے نتیجے میں 186 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔ اس دوران عالمی شہرت یافتہ فلسطینی فٹبالر سلیمان عبید سمیت 662 فلسطینی کھلاڑی اور اسپورٹس عہدیدار بھی جاں بحق ہوئے۔

Watch Live Public News