ویب ڈیسک: امریکا نے امیگریشن قوانین کے سخت نفاذ کے تحت جنوری 2025 سے اب تک 85,000 ویزے منسوخ کر دیے ہیں، جب کہ بھارتی شہریوں کے لیے ویزا اپائنٹمنٹ کی تاریخیں بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق ویزوں کی منسوخی کی بڑی وجہ حملے، چوری اور خراب ڈرائیونگ جیسے جرائم ہیں، جنہیں امریکی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ 85 ہزار ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں اور کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اس کارروائی کو روکنے کے موڈ میں نہیں،یہ عمل جاری رہے گا۔
پوسٹ کے ساتھ شیئر کی گئی ٹرمپ کی تصویر اور نعرہ "امریکا کو دوبارہ محفوظ بنائیں" واضح کرتا ہے کہ یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی سیکیورٹی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 8 ہزار سے زائد طلبہ کے ویزے بھی منسوخ کیے گئے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنی تعداد ہے۔
بھارتی درخواست دہندگان کے لیے بڑا دھچکا
امریکا نے بھارتی شہریوں کے H1-B ویزا کے لیے اپائنٹمنٹ کی تاریخیں بھی مؤخر کر دی ہیں۔
بھارت میں امریکی سفارت خانے نے ایکس پر بتایا کہ اگر کسی درخواست گزار کی ملاقات کی تاریخ 2026 تک ملتوی کر دی گئی ہے، تو انہیں نئی تاریخ پر دوبارہ قونصل خانے آنا ہوگا۔
محکمۂ خارجہ کے مطابق زیادہ تر ویزوں کی منسوخی کی وجہ خراب ڈرائیونگ، مارپیٹ اور چوری جیسے واقعات ہیں، اور ایسے افراد کو امریکی عوام کے لیے براہِ راست خطرہ سمجھا جاتا ہے۔