ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اونٹاریو کی جانب سے لگائے گئے ٹیکسز کے جواب میں کینیڈین اسٹیل اور ایلومینیم پر 25 فیصد ٹیکس عائد کیا، ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا 12 مارچ سے اس کو دوگنا کردیا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ محصولات "امریکی صنعت کے مفاد میں" لگائے جا رہے ہیں، جبکہ کینیڈین وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو نے پہلے ہی امریکی محصولات کو "غیر منصفانہ" قرار دیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز اعلان کیا کہ وہ کینیڈین ایلومینیم اور اسٹیل پر عائد کیے جانے والے مجوزہ محصولات کو دوگنا کر دیں گے۔ یہ اقدام اونٹاریو کی جانب سے تین امریکی ریاستوں پر بجلی کا اضافی سرچارج لگانے کے جواب میں کیا گیا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ محصولات امریکی صنعت کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں،ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ ان ٹیکسز میں 12 مارچ سے اضافہ کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ’میں نے اپنے سیکریٹری آف کامرس کو ہدایت دی ہے کہ کینیڈا سے امریکہ آنے والے تمام اسٹیل اور ایلومینیم پر اضافی 25% ٹیکس لگا کر اسے 50% تک بڑھا دیا جائے۔ کینیڈا دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ ٹیرف عائد کرتے ہیں۔"
