ویب ڈیسک: پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آپریشن وعدہ صادق چار کے تحت امریکی اور اسرائیلی اہداف کے خلاف حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن وعدہ صادق چار کی سینتیسویں لہر کے دوران تین گھنٹے تک مسلسل میزائل حملے کیے گئے۔
بیان کے مطابق حملوں میں عراق کے شہر اربیل، بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹر اور اسرائیل کے شہر تل ابیب میں فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق جنوبی تل ابیب میں قائم سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز کو دوسری بار نشانہ بنایا گیا جبکہ مقبوضہ بندرگاہ حیفہ کو بھی میزائل حملوں کا ہدف بنایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں میں خیبر شکن، قدر اور خرم شہر میزائل استعمال کیے گئے۔ ان میزائلوں میں متعدد وارہیڈ نصب تھے جبکہ قدر میزائل کے وارہیڈ کا وزن تقریباً ایک ٹن بتایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق آپریشن وعدہ صادق چار گزشتہ ماہ اس وقت شروع کیا گیا تھا جب امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں شروع کیں۔