ویب ڈیسک : بٹ کوائن تاریخ کی نئی بلندی پر پہنچ گیا، کیونکہ تاجروں کا ماننا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی کرپٹوکرنسی کے لیے مثبت ثابت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل کرنسی اپنی تاریخ میں پہلی بار رات 12 بجے کے فوراً بعد 80 ہزار ڈالر کی سطح عبور کر گئی۔
5 نومبر کے صدارتی انتخاب میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جیتنے کے بعد سے اس خیال پر اس کی بڑھ رہی ہے کہ وہ ڈیجیٹل کرنسیوں پر ضوابط کو آسان کر دیں گے۔ بٹ کوائن مارچ میں 73 ہزار 798 ڈالر کے تاریخی ریکارڈ سے مزید آگے بڑھ کر بدھ کو 75 ہزار ڈالر کا ہوگیا تھا۔
اپنی صدارت کے پہلے دور میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کرپٹو کرنسیوں کو گھوٹالا قرار دیا تھا، لیکن اس کے بعد سے انہوں نے اپنی پوزیشن کو یکسر تبدیل کر دیا، یہاں تک کہ اس کی حمایت میں اپنا پلیٹ فارم بھی شروع کیا۔
انہوں نے امریکا کو ’دنیا کا بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی کیپٹل‘ بنانے کا وعدہ کیا ہے اور ٹیکنالوجی کی دنیا سے تعلق رکھنے والے معروف ارب پتی ایلون مسک کو سرکاری فضلے کے وسیع پیمانے پر آڈٹ کا انچارج بنایا ہے۔
ستمبر میں، ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ’ورلڈ لبرٹی فنانشل‘ کے نام سے ایک ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم شروع کریں گے، لیکن رواں ماہ کے آغاز میں اس کی فروخت شروع ہونے کے بعد اسے کوئی خاطر خواہ کامیابی نہ مل سکی اور اس کے صرف چند ٹوکن ہی فروخت ہوسکے۔