ویب ڈیسک: شامی صدر احمد الشرع کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، علاقائی امن اور عالمی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق، ملاقات کے بعد ٹرمپ نے احمد الشرع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے شامی صدر پسند آئے اور ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ شام کامیاب ہو، کیونکہ یہ مشرق وسطیٰ کا اہم حصہ ہے۔"
اس ملاقات کے بعد امریکی صدر نے ایک اور اہم اعلان کیا، جس میں امریکی محکمہ خزانہ نے قیصر ایکٹ کے تحت شام پر عائد پابندیوں کو 6 ماہ کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ امریکی محکمہ خزانہ نے کہا کہ پابندیوں کا خاتمہ شام کی معیشت کی بحالی اور شہریوں کے لیے خوشحالی کا باعث بنے گا۔
قیصر ایکٹ 2019 میں منظور ہوا تھا، جس کا مقصد بشار الاسد حکومت پر دباؤ ڈالنا تھا۔ اس کے تحت امریکی کمپنیوں اور شہریوں کو شام کی حکومت یا فوج کے ساتھ کاروبار کرنے سے روکا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جون میں امریکا نے کچھ دیگر پابندیاں بھی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، مگر قیصر سیریا سویلین پروٹیکشن ایکٹ کے تحت عائد پابندیاں اب بھی برقرار ہیں۔