ویب ڈیسک: سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملک بھر میں بارش کی کمی کے باعث جمعرات 13 نومبر کو نمازِ استسقا ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
سعودی رائل کورٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہ سلمان نے تمام شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ عاجزی و انکساری کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے بارش کی دعا کریں، توبہ و استغفار کریں اور نیک اعمال میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہری اپنے ملازمین اور محتاج افراد کے ساتھ نرمی و رحم دلی سے پیش آئیں، خیرات کریں اور ایک دوسرے کی مدد کریں تاکہ اللہ کی رحمت نازل ہو۔
ادھر حرمین شریفین کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے مطابق، مسجد الحرام میں نمازِ استسقا کے امام اور خطیب شیخ یاسر الدوسری ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 17 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد میں بھی نمازِ استسقا ادا کی گئی تھی، جس میں عوام نے بارش اور رحمت کی دعا مانگی تھی۔
یہ اقدام سعودی قیادت کی جانب سے اس روایت کے تسلسل کی علامت ہے کہ قحط یا خشک سالی کی صورت میں امت کو اجتماعی طور پر دعا اور توبہ کی طرف بلایا جائے۔