(ویب ڈیسک)فلکیاتی شائقین کے لیے آج ایک خاص دن ثابت ہونے جا رہا ہے، جب آسمان پر بیک وقت 6 سیارے ایک ہی سمت میں دکھائی دیں گے۔ اس منفرد فلکیاتی منظر میں مشتری، عطارد، مریخ، زحل، یورینس اور نیپچون شامل ہوں گے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ منظر طلوعِ آفتاب سے قبل دیکھا جا سکے گا، جب سیارے مشرقی افق سے جنوب مغربی آسمان تک ایک قوس کی شکل میں دکھائی دیں گے۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ سیارے خلا میں حقیقتاً کسی سیدھی قطار میں موجود نہیں ہوں گے، بلکہ زمین سے مشاہدے کے دوران ایک ہی سمت میں نظر آنے کی وجہ سے اس مظہر کو ’ پلینٹری پریڈ‘ کہا جاتا ہے۔
مریخ اور زحل کو عام آنکھ سے نسبتاً آسانی سے دیکھا جا سکے گا، جبکہ عطارد اور مشتری افق کے قریب ہونے کے باعث ان کا مشاہدہ قدرے مشکل ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب یورینس اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے دوربین یا ب ٹیلی اسکوپ کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس فلکیاتی منظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایسا مقام زیادہ موزوں ہوگا جہاں مشرقی افق صاف اور کھلا ہو اور روشنی کی آلودگی کم سے کم ہو۔