بنگلہ دیش:امیرجماعت اسلامی کا دھاندلی کی صورت میں سخت ردعمل کاعندیہ

بنگلہ دیش:امیرجماعت اسلامی کا دھاندلی کی صورت میں سخت ردعمل کاعندیہ
کیپشن: بنگلہ دیش:امیرجماعت اسلامی کا دھاندلی کی صورت میں سخت ردعمل کاعندیہ

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش میں عام انتخابات جوش و خروش کے ساتھ جاری ہیں جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ووٹ ڈالنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

امیر جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش شفیق الرحمان نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد دھاندلی کی صورت میں سخت ردعمل کا عندیہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات سنجیدہ نوعیت کے ہوئے تو ذمہ داران کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام گھروں سے نکلیں، اپنا جمہوری حق استعمال کریں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔

شفیق الرحمان نے مزید کہا کہ اگر جماعتِ اسلامی کامیاب ہوئی تو ملک میں پہلی اسلام پسند حکومت قائم ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب نیشنل سٹیزن پارٹی کے سربراہ ناہید اسلام نے بھی ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت صرف آزاد اور شفاف انتخابات کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہار یا جیت سے زیادہ انتخابات کی شفافیت عزیز ہے۔ ناہید اسلام کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی میں پہلی مرتبہ ووٹ ڈالا ہے اور انہیں امید ہے کہ اگر عوام کو آزادانہ طور پر رائے دہی کا موقع ملا تو ان کی جماعت کامیاب ہوگی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف و خطر اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔

ادھر بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے چیئرمین طارق رحمان نے ڈھاکہ کے گلشن ماڈل ہائی اسکول میں اپنا ووٹ ڈالا۔ وہ تقریباً سترہ برس بعد برطانیہ سے وطن واپس آئے ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ملک میں نوجوان ووٹرز، خصوصاً جنریشن زی، اب سب سے بڑا ووٹنگ بلاک بن چکے ہیں۔ تاہم 2024 کی بغاوت کے بعد منعقد ہونے والے ان انتخابات سے حقیقی سیاسی تبدیلی آئے گی یا نہیں، یہ سوال بدستور اہمیت اختیار کیے ہوئے ہے۔

Watch Live Public News